کیرالہ،7/اگست (ایس او نیوز) کیرالہ کے مشہور تفریحی مقام ’مونار‘ سے قریب ’ایڈوکی‘ میں چٹان کھسکنے کا ایک خطرناک حادثہ پیش آیا جس میں تاحال 15افراد ہلاک ہونے اور 60سے زیادہ لوگ لاپتہ ہونے کے علاوہ 30جیپ گاڑیاں چٹان کے ملبے میں دب کر رہ جانے کی خبر ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10دنوں سے اس علاقے میں مسلسل بارش ہورہی تھی۔یہاں پر کافی کے باغات میں کام کرنے والی خواتین اور جیپ گاڑیاں چلانے والے مرد اپنے خاندان کے ساتھ80کے قریب چھوٹے چھوٹے مکانات میں رہتے ہیں۔جمعرات کی شب میں دس بجے کے قریب چٹان کھسکنے کا واقعہ اچانک پیش آیا تو سب لوگ تتر بتر ہوگئے ہیں۔ جو زخمی افرادملبے سے زندہ نکالے گئے ہیں وہ سب اپنے رشتے داروں اور گھر والوں کے لئے پریشان ہیں جن کی کوئی خبر نہیں مل رہی ہے۔
ہلاک ہونے یا زخمی ہونے والوں کے اعداوشمار ابھی سرکاری طور پر بتائے نہیں گئے ہیں۔ کیرالہ پولیس کی 200اراکین پر مشتمل ٹیم راحت کاری کے کام میں جٹ گئی ہے۔ 15لاشیں اور 12زخمیوں کو ملبے سے نکالے جانے کی خبر ہے۔زخمیوں کو کوٹایم میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا ہے۔ تیز برسات کی وجہ سے راحت کاری میں بہت زیادہ دشواری پیش آرہی ہے۔نیشنل ڈسیاسٹر ریسپونس فورس کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔راحت کاری میں سب سے بڑا مسئلہ ایک تو انتہائی خراب موسم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو جائے حادثہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچانا ممکن نہیں ہورہا ہے۔ دوسری طرف مواصلات اور رابطے کے ذرائع منقطع ہوگئے ہیں۔ جنگلاتی علاقے میں پہنچانے والی سڑکیں درختوں کے گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں۔
اس سانحہ اور انسانی جانوں کے اتلاف پر وزیر اعظم نریندرا مودی نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کو فی کس 2لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔